ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے قبل آئی ایم ایف پاکستان کے ایکسٹرنل فنانسنگ پلان پر رضا مند

اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے قبل آئی ایم ایف پاکستان کے ایکسٹرنل فنانسنگ پلان پر رضا مند ہو گیاجبکہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس(آج) 12 جولائی کو ہو گا۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ کے بھیجے گئے 8 اعشاریہ 2 ارب ڈالر کی فنانسنگ گیپ کا پلان مان لیا ہے۔ عالمی بینک،ایشیائی ترقیاتی بینک،آئی ایم ایف،چین،یو اے ای اور سعودی عرب سے فنانسنگ حاصل کی جائے گی،آئی ایم ایف سے قرض معاہدے کے تحت 3 ارب ڈالر حاصل کئے جائیں گے۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق اس سال کے دوران چین سے 3 اعشاریہ 5 ارب ڈالر کی فنانسنگ کا انتظام کیا جائے گا۔جبکہ یو اے ای سے 1 ارب ڈالر اور سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر کی فنانسنگ حاصل کی جائے گی۔ اسی طرح عالمی بینک سے 50 کروڑ ڈالر اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے بھی 50 کروڑ ڈالر حاصل کرنے کا پلان ہے۔یاد رہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 12 جولائی کو ہو گا جس میں پاکستان کیلئے 1 اعشاریہ 1 ارب ڈالر جاری کرنے کی منظوری دی جائے گی۔دوسری جانب وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت پہلے سے بہتر ہے،جلد مزید استحکام آئے گا۔ سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں ڈیپازٹ کرا دئیے ہیں،اس سے فارن ایکسچینج ریزرو میں اضافہ ہو گا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف کی طرف سے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مستقبل میں معاشی معاملات مزید بہتری کی طرف جائیں گے،سعودی عرب مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔آنے والے دنوں میں مزید اچھی ڈیویلمپنٹ ہو گی۔ علاوہ ازیں وزیرخزانہ نے کہا کہ عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ نے پاکستان کی ریٹنگ آئی ڈی آر سے’’ ٹرپل سی‘‘ کردی۔ وزیراعظم شہبازشریف، قوم ، حکومتی اتحادی جماعتوں اور پوری معاشی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں