پاکستان کو سعودی عرب سے 2 ارب ڈالرکے ڈیپازٹس سٹیٹ بینک کو موصول ہوگئے

اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ سعودی عرب کی جانب سے 2 ارب ڈالرکے ڈیپازٹس سٹیٹ بینک کو موصول ہوگئے ہیں، سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں حقیقی بھائی کاکرداراداکرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ہے۔منگل کویہاں میڈیا سے گفتگو میں وزیرخزانہ نے کہاکہ چند ہفتے قبل سعودی عرب نے پاکستان کو دوارب ڈالرکی معاونت فراہم کرنے کااعلان کیاتھا، الحمدللہ سعودی عرب کی جانب سے یہ معاونت پاکستان کوموصول ہوگئی ہے جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔وزیرخزانہ نے کہاکہ سٹیٹ بینک کی جانب سے ہرجمعہ کوزرمبادلہ کے حوالہ سے اعدادوشمارکے دئیے جاتے ہیں، گزشتہ ہفتہ سٹیٹ بینک نے زرمبادلہ کے جو اعدادوشمارجاری کئے تھے ان کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر9.67 ارب ڈالرتھا، سعودی عرب کی جانب سے مزید دوارب ڈالرملنے کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر11.67 ارب ڈالرکے قریب ہوجائیں گے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ وہ وزیراعظم محمدشہباز شریف، آرمی چیف سید عاصم منیر، پاکستانی عوام اوراپنی طرف سے سعودی فرمانروا اورخادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اورسعودی عرب کی قیادت کے شکر گزارہیں۔وزیرخزانہ نے کہاکہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے حقیقی بھائی کاکرداراداکیاہے۔انہوں نے کہاکہ آنے والے دنوں میں مزید اچھی خبریں آئیں گی ، پاکستان میں معاشی استحکام آچکاہے اب ہمیں پائیدارمعاشی نمو کی سفر کوآگے لیکر جاناہے۔دریں اثنا وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ سعودی عرب سے ملنے والے 2 ارب ڈالر سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔ انہو ں نے کہا کہ آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں آئی ایم ایف (آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری کے بعد حال ہی میں اعلان کردہ اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کی پہلی قسط)، دوست ملک اور کثیر الجہتی ترقیاتی شراکت داروں کی طرف سے مزید زرمبادلہ آنے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے موصول ہونے والے 2 ارب ڈالر پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مزید مضبوط کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں