اسلام آباد (روزنامہ قوم انٹرنیشنل)سابق صدر پرویز مشرف کی نا اہلی کیخلاف دائر درخواست خارج کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں سابق صدر پرویز مشرف کی نا اہلی کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت میں بتایا کہ درخواست گزار پرویز مشرف وفات پا چکے ہیں۔2013 کے عام انتخابات میں پرویز مشرف کی نا اہلی کو چیلنج کیا گیا تھا،2013 کی اسمبلی مدت بھی مکمل ہو چکی ہے۔ سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کی نا اہلی کیخلاف درخواست خارج کر دی،عدالت نے درخواست غیر مؤثر ہونے پر خارج کی۔ یاد رہے کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے 2013 کے عام انتخابات میں چترال سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے،پرویز مشرف کے کاغزات نامزدگی مسترد کر دئیے گئے تھے۔جبکہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی درخواست ان کی وفات کے بعد سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کی گئی تھی۔پرویز مشرف نے 2013 کے انتخابات میں کاغذاتِ نامزدگی مسترد کا فیصلہ چیلنج کیا تھا،ان کی سپریم کورٹ میں دائر اپیل پر گذشتہ سماعت 5 سال قبل ہوئی تھی۔اب یہ درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کی گئی۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ 6 اپریل 2013ء کو پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کراچی کے حلقے این اے 250 سے امیدوار پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے لئے الیکشن کمیشن میں بھی درخواست جمع کرائی تھی۔پرویز مشرف نے اپنے دور اقتدار میں آئین کی پامالی اور دیگر غیر آئینی وغیر قانونی اقدامات کیے تھے اسکو بنیاد بناتے ہوئے اعتراضات الیکشن میں جمع کرائے گئے،الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ پرویز مشرف کو الیکشن 2013کے لئے نااہل قرار دیا جائے۔







