اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)بارشوں نے ملک بھر میں تباہی مچا دی ،چھتیں گرنے ، کرنٹ لگنے سمیت مختلف واقعات میں 10افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق سوات میں بحرین کے علاقے مدین میں مکان پر پہاڑی تودہ گرنے سے 5 افراد ملبے تلے دب گئے، ملبے تلے دب کر 2 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 3 کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پنجاب کے شہر پاکپتن میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق وقاص نامی شخص نہاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا ،
سکندر چوک کے علاقے میں الیکٹرک تار کو ہاتھ لگانے سے 2 سالہ بچی موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق عارف والا میں رمضان نامی شخص نہاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے دم توڑ گیا۔واقعات کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔دوسری جانب گزشتہ روز چترال میں طوفانی بارشوں سے دریائے چترال، دریائے مستوج اور دریائے لٹکوہ میں شدید طغیانی آ گئی اور بپھرا ریلہ کئی مکانوں کو بہا کر لے گیا۔دو افراد سیلاب میں بہہ گئے ،جن کی تلاش جاری ہے
۔دریائے چترال کے کنارے مختلف ریسٹورنٹس میں پانی داخل ہو گیا، غذر کے علاقے یاسین میں مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، سکول، گھر، سڑکیں، درخت اور فصلیں جس کی زد میں آ گئیں۔خیبرپختونخواہ کے قبائلی علاقوں میں شدید بارش کے باعث گھروں متعدد گھروں کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں ،دو افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ۔ادھروادی نیلم میں سیلاب نے تباہی مچا دی،
متعدد گھر سیلاب بہا کر لے گیا۔وادی نیلم میں تیز بارشوں اور سیلاب کے باعث گاؤں تہجیاں اور دونیال کے تمام روابطہ پل بھی بہہ گئے ہیں، رہائشی بغیر چھت کے بارش میں بے یاروں مدد گار کسی مسیحا کے منتظر ہیں۔تاہم موسلادھار بارشِ کا سلسلہ جاری ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی کارروائی نہ کی جا سکی۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، خطۂ پوٹھوہار سمیت پنجاب، شمال مشرقی اور جنوبی بلو چستان، خیبر پختونخوا اور سندھ میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔







