بارشوں کا سلسلہ جاری ،مزید8 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

کوئٹہ(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان، بلوچستان سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں نے تباہی مچادی، مختلف واقعات میں 8 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئےجبکہ مون سون سیزن کے دوران پچیس جون سے اب تک 133افراد جاں بحق اور 215سے زائد زخمی ہو چکے ہیں تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شہروں میں طوفانی بارشوں کے پیش نظر سیلابی صورت حال ہے،بسیمہ اور نواحی علاقے پتک میں بارشوں اور ریلوں نے تباہی مچا دی ہے، سیلابی ریلے شہری آبادی میں داخل ہوگئے جس کی وجہ سے متعدد گھر ، دکانیں اور ہوٹل گر گئے ہیں، اس کے علاوہ بارش سے نشیبی علاقوں میں تیار فصلیں برباد ہوگئيں۔آواران کے علاقوں میں بارش کے بعد مقامی ندی میں پانی کا بہاؤ تيز ہوگيا، حفاظتی بند ٹوٹنے کا بھی خدشہ ہے، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے ہیں۔دوسری جانب سندھ کے شہر دادو میں کیرتھر پہاڑی سلسلوں پر موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ میہڑ اور گرد و نواح میں بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔اس کے علاوہ حیدر آباد، میر پور خاص، بدین، ٹھٹہ، سجاول، خیرپور، کوٹ ڈیجی، نوشہرو فیروز اور پڈعیدن سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی بارش ہوئی ہے۔واضح رہے کہ کلاؤڈ برسٹ، گلئیشرز کے پگھلنے اور بارشوں نے کشمیر، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں سیلابی صورتحال پیدا کر دی۔طوفانی بارشوں سے دریاؤں میں شدید طغیانی آگئی ہے، آزاد کشمیر کی وادی نیلم کے نالہ تہجیاں میں سیلابی ریلے سے ایک مسجد سمیت چار مکانات پانی میں بہہ گئے، علاقے میں بجلی اور انٹرنیٹ کی سروسز شدید متاثر ہے۔سکھر میں دو منزلہ عمارت گر گئی، واقعے میں بچے سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے، ملبے سے تین خواتین اور ایک بچے کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا۔سکھر کے گوٹھ میانداد کھوسو میں دو منزلہ عمارت گرگئی، واقعے میں خاتون اور ایک بچہ جاں بحق ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے سے تین خواتین اور ایک بچے کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا، مزید افراد کی تلاش جاری ہے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے، عمارت گرنے کا واقعہ باعث کے بعد پیش آیا۔دوسری جانب موسن سون کے دوران جانی ومالی نقصان سے متعلق جاری نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 57 مرد 21 خواتین اور 55 بچے شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ اموات پنجاب میں 65 رپورٹ ہوئیں، خیبرپختونخوا سے 35، بلوچستان سے 6 اموات رپورٹ ہوئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ سے 10 اور آزاد کشمیر سے 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔مون سون سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 11 افراد ہلاک ہوئے۔حالیہ بارشوں سے ملک بھر میں کُل 215 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں 87 مرد، 56 خواتین اور 72 بچے شامل ہیں۔ایک مہینے کے دوران ملک بھر میں بارشوں سے کُل 368 گھروں کو نقصان پہنچا، حالیہ بارشوں اور سیلاب سے 245 مویشی ضائع ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں