اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف بہت جلد پاکستان آئیں گے اور وہ حفاظتی ضمانت لیں گے۔ اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ یہ کہنا درست نہیں ایک نام آیا اور وہ مسترد ہو گیا،نگران وزیراعظم کیلئے اسحاق ڈار کا نام کسی نے پیش نہیں کیا بلکہ افواہ اڑائی گئی۔خیبر پختو نخوا میں دہشت گردی پھر سے سر اٹھا رہی ہے،سکیورٹی ایجنسیاں بہادری سے دہشت گردوں کا پیچھا کر رہی ہیں۔ وزیر داخلہ نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت نے کچھ لوگوں کو واپس آنے کی اجازت دی۔سمجھا گیا یہ لوگ واپس آ کر قانون کی بالادستی تسلیم کریں گے لیکن انہوں نے واپس آ کر وہی کیا جو کرتے آ رہے تھے۔ رانا ثناء اللہ نے نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق کہا کہ قائد مسلم لیگ ن کو سازش کے تحت عملی سیاست سے الگ کیا گیا،نواز شریف بہت جلد پاکستان آئیں گے۔انکا کہنا تھا کہ نواز شریف حفاظتی ضمانت لیں گے،اپیلوں پر سماعت کے بعد وہ بری ہو جائیں گے۔سابق وزیراعظم کے بری ہونے کے بعد لگائی گئی پابندیاں ختم ہوں گی۔ قبل ازیں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم نے عدالتوں کا گھیراؤ کیا اور نہ ہی کارکن اکٹھے کر کے عدالتوں پر چڑھائی،ہمارے قائدین نے سر پر بالٹیاں رکھیں اور نہ ہی عدالتوں کے دروازے توڑے۔انکا کہنا تھا کہ 9 مئی کو اس ملک کے دفاعی اداروں پر حملہ کیا گیا،جن لوگوں نے ہمارے شہداء کی بے حرمتی کی ان کو معاف نہیں کیا جا سکتا۔الیکشن میں پاکستان کے عوام کو موقع ملے گا کہ وہ اپنے نمائندے منتخب کریں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اپنی ذات کی نفی کر کے ملک کی ترقی کیلئے کام کیا،دعویٰ ہے کہ جب بھی پاکستان بحران کا شکار ہوا ہم نے اس کو بحران سے نکالا،عمران خان جو ملکی سیاست کا فتنہ ہے اس کے برسر اقتدار آنے پر ملک بحرانوں کا شکار ہوا۔







