وزیراعظم شہباز شریف نے اعلیٰ پارلیمانی عہدیداران کی تنخواہوں میں بڑے اضافے پر نوٹس لے لیا

اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی چیئرمین، سپیکر قومی اسمبلی اور ڈپٹی سپیکر کی تنخواہوں میں حالیہ غیرمعمولی اضافے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اس معاملے پر چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی سے تحریری وضاحت مانگی ہے، جس کی روشنی میں وہ اس فیصلے پر نظرثانی کریں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ تنخواہوں میں اضافے کے فیصلے کو عوامی جذبات اور ملک کی موجودہ مالی صورتحال کے تناظر میں پرکھا جائے۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بجٹ پیش کیے جانے سے صرف ایک دن قبل سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں پانچ سو فیصد اضافہ کیا گیا تھا، جس کے تحت ان کی تنخواہیں 2 لاکھ 5 ہزار روپے سے بڑھا کر 13 لاکھ روپے ماہانہ مقرر کی گئی ہیں۔ اس فیصلے کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے ہوگا۔
اس فیصلے پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا ہے، جس پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی کھل کر تنقید کی ہے۔ انہوں نے اسے ’معاشی فحاشی‘ قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں اس طرح کے مالی فوائد کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں