کراچی: مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے مابین کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کے اعلان نے پاکستان سمیت عالمی مالیاتی منڈیوں میں مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز کاروبار کا آغاز شاندار تیزی کے ساتھ ہوا۔
تجارتی دن کے آغاز پر ہی کے ایس ای 100 انڈیکس نے 6316 پوائنٹس کی بڑی چھلانگ لگائی، جس کے بعد انڈیکس 122,484 پوائنٹس کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
غیر معمولی تیزی کے باعث مارکیٹ میں ٹریڈنگ والیوم میں 5 فیصد اضافہ ہوا، جس پر ہنگامی بنیادوں پر ایک گھنٹے کے لیے لین دین کو روک دیا گیا۔ جب کاروبار دوبارہ بحال ہوا تو سرمایہ کاروں کے اعتماد نے مزید بہتری کا مظاہرہ کیا اور اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کی نئی لہر دیکھی گئی۔
دوسری جانب، زرمبادلہ مارکیٹ میں بھی مثبت رجحان دیکھنے میں آیا۔ انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں 27 پیسے کی کمی ہوئی اور ڈالر 283.87 روپے سے کم ہو کر 283.60 روپے تک آ گیا۔
عالمی مالیاتی منڈیوں میں بھی مثبت اشارے دیکھنے کو ملے۔ امریکی مارکیٹس میں ایس اینڈ پی 500 میں 1 فیصد، نیسڈیک میں 0.9 فیصد اور ڈاؤ جونز میں 0.89 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سرمایہ کاروں نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کو عالمی معیشت کے لیے خوش آئند قرار دیا۔
اسی طرح ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں بھی مثبت رجحان رہا۔ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس 2 فیصد، چین کا شنگھائی انڈیکس 1 فیصد، جاپان کا نکی 225 انڈیکس 1 فیصد جبکہ انڈونیشیا کا آئی ڈی ایکس کمپوزٹ انڈیکس 1.6 فیصد بڑھ گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ کاروباری ہفتے کے آغاز پر 3855 پوائنٹس کی نمایاں کمی کے ساتھ 116,167 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی، جو حالیہ عرصے کی کم ترین سطح تھی۔ تاہم موجودہ تیزی نے مارکیٹ میں نئی توانائی بھر دی ہے۔
گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ میں 15.9 ارب روپے سے زائد مالیت کے تقریباً 19.6 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا، جو سرمایہ کاروں کی دلچسپی کا واضح ثبوت ہے۔







