اسلام آباد : جون 2025 ملک میں دہشتگردی کی نئی لہر لے کر آیا، جس کے دوران 78 دہشتگرد حملوں میں 100 افراد جاں بحق اور 189 زخمی ہوئے۔ یہ انکشاف ایک معروف تھنک ٹینک کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کیا گیا ہے جو دہشتگردی پر تحقیق کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائیاں کرتے ہوئے 71 دہشتگردوں کو ہلاک اور 52 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد ملک میں امن و امان کو برقرار رکھنا اور دہشتگردی کے نیٹ ورک کو ختم کرنا ہے۔
سال 2025 کے پہلے چھ ماہ کے دوران دہشتگردی کے 502 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں مجموعی طور پر 737 افراد جان سے گئے اور 991 زخمی ہوئے۔ ان حملوں کا نشانہ زیادہ تر سکیورٹی فورسز، عوامی مقامات اور قومی اہمیت کی حامل تنصیبات بنیں۔
تھنک ٹینک نے اپنی رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ ملک دشمن عناصر کی سرگرمیوں کے باوجود سکیورٹی ادارے پوری طرح متحرک ہیں اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ان کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔







