تاشقند: (آئی پی ایس) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کرکے خطے کے امن کو خطرے میں ڈالا، پاک فوج نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔
آذربائیجان میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 17 ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پڑوسی ملک ایران پر بلاجواز اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں، اسرائیلی جارحیت میں ہونے والی اموات کی شدید مذمت کرتے ہیں اور برادر ملک ایران سے شہادتوں پر تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، اسرائیل بلا روک ٹوک غزہ میں فلسطینیوں کو بھوکا مار رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے پہلگام میں ہونے والے افسوسناک واقعہ کے بعد پاکستان پر حملہ کرکے خطے کے امن کو خطرے میں ڈالا، پاک فوج نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔
انہوں نے سربراہی اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ بھارت کا پانی کو پاکستان کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کرنا اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی ناقابل قبول ہے، پانی 24 کروڑ پاکستانیوں کی لائف لائن ہے۔
ای سی او سمٹ کی کامیاب میزبانی پر آذربائیجان کے صدرالہام علیوف کو مبارکباد دیتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ عالمی منظر نامے میں ٹیکنالوجیکل تبدیلیاں تیزی سے رونما ہورہی ہیں، علاقائی تعاون اور مشترکہ خوشحالی کیلئے ٹیکنالوجی کی ترقی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے، ای سی او رکن ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے، پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی پالیسی وضع کر لی ہے۔
شہبازشریف نے یہ بھی کہا کہ 2022 میں پاکستان نے تباہ کن سیلاب کا سامنا کیا، سیلاب میں 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے، املاک کو نقصان پہنچا، پگھلتے گلیشیئرز، شدید گرمی اور تباہ کن سیلاب جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ فلیش فلڈز جیسی صورتحال کے تناظر میں اقدامات وقت کی ضرورت ہیں، گزشتہ ہفتے متاثرہ اضلاع میں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سےدرپیش چیلنجز اجتماعی اقدامات کے متقاضی ہیں۔







