قلات: بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے نیمرغ میں نامعلوم افراد نے مسافر کوچ پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں3 مسافر جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں متعدد مسافر زخمی ہوگئے جبکہ پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ مسافر کوچ کراچی سے کوئٹہ جارہی تھی کہ دہشت گردی کا نشانہ بن گئی، فائرنگ کے نتیجے میں مسافر کوچ میں سوار تین افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے جن میں سے 6 کی تصدیق ہوگئی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے جبکہ زخمیوں کو طبی امداد اور لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلیے ڈی ایچ کیو سپتال منتقل کردیا، دوسری جانب اس کے علاوہ سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔
پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس معاملے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، علاوہ ازیں بلوچستان حکومت نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے واقعے کو ممکنہ دہشت گردی قرار دیا ہے تاہم اس حوالے سے ابھی تحقیقات جاری ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی قلات کے قریب مسافر بس پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی فائرنگ و حملے کی مذمت کی ہے، انہوں نے واقعہ میں 3 مسافروں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت اور زخمی مسافروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہیں ، فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا بے گناہ اور معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ فعل ہے۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بنا کر امن کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہے ہیں، قوم کی حمایت سے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔
واضح رہے کہ 10 جولائی کو دہشت گردوں نے کوئٹہ سے پنجاب جانے والی 2 مسافر بسوں سے 9 مسافروں کو شناخت کے بعد اغوا کرکے شہید کردیا تھا۔







