بین الاقوامی تنظیم، ڈائیسپورا اور تھنک ٹینک گلوبل پاک کشمیر سپریم کونسل کے چیئرمین راجہ سکندر خان اور صدر کالا خان نے کل جماعتی حریت کانفرنس اور مسلم کانفرنس جموں و کشمیر کے سابق چیئرمین و سابق صدر پروفیسر عبدالغنی بھٹ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں راجہ سکندر خان نے کہا کہ مرحوم پروفیسر بھٹ ایک امن پسند، عظیم رکن، دانشور، ماہرِ تعلیم اور دور اندیش سیاستدان تھے۔ ان کی وفات اُن تمام لوگوں کے لیے ایک بڑا نقصان ہے جو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ ریاست جموں و کشمیر کے حق میں جدوجہد کر رہے ہیں۔
صدر کالا خان نے مرحوم کے اہل خانہ بالخصوص کشمیری عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تاریخ میں پروفیسر عبدالغنی بھٹ کو ان کی بصیرت، شائستہ اندازِ بیان اور حسنِ اخلاق کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔







