راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کے پاس اختیارات ہیں ، وہ آئینی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے الیکشن کی تاریخ دیں یا پھر اپنا استعفیٰ دیدیں ۔ مریم نواز کہتی ہیں کہ یہ میری حکومت نہیں ۔میں ان سے کہتا ہوں کہ اگر یہ تمہاری حکومت نہیں تو کس کی ہے ، ہمت کرو اور بتائو کہ کون حکومت کررہا ہے ۔ان خیالات کا اظہارشیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ خواجہ محمد آصف نے گزشتہ روز کہا ہے کہ ملک دیوالیہ ہو چکا ہے اور اس کے ذمہ دار سیاستدان ، اسٹیبلشمنٹ سمیت ہم سب ہیں ۔خواجہ آصف نے ٹھیک کہہ رہے ہیں ملک معاشی طورپر تباہ و برباد ہو چکا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ان تمام مسائل کا حل بروقت الیکشن ہیں لیکن موجودہ حکومت اور الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کررہے ہیں اور حکومت انتخابات سے بھاگ رہی ہے ۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ اگر عمران خان جیل بھرو تحریک شروع کرتے ہیں تو سب سے پہلی گرفتاری میں دوں گا ، میں اپنی آدھی چیزیں پہلے ہی جیل چھوڑ آیا ہوں ، میں جیلوں اور گرفتاریوں سے نہیں ڈرتا ، جیل میرا سسرال ہے اور ہتھکڑی میرا زیور ہے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کو اللّٰہ کے بعد سپریم کورٹ بچا سکتی ہے، صوبے اور مرکز کے الیکشن اکٹھے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے کہا میری حکومت نہیں، پھر بتایا جائے کس کی حکومت ہے، مریم نواز کے بیانیے کے ساتھ ان کا شوہر نہیں کھڑا۔شیخ رشید نے کہا کہ اگر عمران خان کہیں گے تو 22 تاریخ کو سب سے پہلے میں گرفتاری دوں گا، ان سے ملاقات کرنے آیا ہوں۔ان کا مزید کہنا ہے کہ میرے ساتھ جو کچھ ہوا میں اسے معاف کرتا ہوں، پولیس نے دو کمبل دیے، آدھا سامان جیل میں چھوڑ آیا ہوں۔سابق وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ میرے فون ان کے پاس ہیں اندازہ ہے کون لوگ ہیں، جن کے پاس فون ہے مجھ سے پاس ورڈ پوچھ لیں۔







