جھنگ(قوم انٹرنیشنل)جھنگ کے نواحی شہر شاہ جیونہ سے تعلق رکھنے والے باراتیوں کی بس کو کلرکہا انٹرچینج کے قریب سالٹ رینج پر المناک حادثہ پیش آگیا جس کے باعث14افراد جاں بحق جبکہ 60سے زائد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے لاہورجانیوالی باراتیوں کی بس کی بریک سالٹ رینج کے قریب فیل ہوگئی جس کے باعث بس بے قابو ہو کر الٹ گئی ، جس کے بعد مخالف سمت سے آنیوالی دو کاریں بھی بس سے ٹکرا گئیں، حادثے میں 3خواتین سمیت14افراد جاں بحق جبکہ 60سے زائد زخمی ہوگئے ۔ ڈپٹی کمشنر چکوال کاکہنا ہے کہ حادثے کے فوری بعد موٹر وے پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو ٹروما سنٹر چکوال اور ٹی ایچ کیو منتقل کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی جس کی وجہ سے بس کی باڈی کو کاٹ کر زخمیوں کو باہر نکالاگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جاں بحق ہونیوالے 12 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے اور وہ جھنگ کے نواحی علاقے شاہ جیونہ کے رہائشی ہیں۔







