لاہور: پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا، سلمان علی آغا پاکستان ٹی 20 ٹیم کے کپتان مقرر کر دیئے گئے۔
پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے ڈائریکٹر عاقب جاوید، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور وائٹ بال کپتان سلمان آغا پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کیا۔
ورلڈ کپ کیلئے ٹی 20 سکواڈ میں سلمان علی آغا کپتان ہوں گے، سکواڈ میں بابر اعظم، فخز زمان، محمد نواز، ابرار احمد اور نسیم شامل کو شامل کیا گیا ہے، اس کے علاوہ محمد سلمان مرزا، شاہین آفریدی، شاداب خان، صاحبزادہ فرحان، فہیم اشرف، خواجہ محمد نافع، عثمان طارق، صائم ایوب اور عثمان خان ٹیم کا حصہ ہیں۔
ڈائریکٹر سلیکشن کمیٹی عاقب جاوید نے کہا ہے کہ کمبی نیشن کو ذہن میں رکھ کر کھلاڑیوں کا انتخاب کیا، کنڈیشنز کو مدنظر رکھ کر ٹیم تشکیل دی گئی ہے، بابراعظم کا ٹیم میں اہم کردار ہے، حارث رؤف کافی عرصہ سے پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ فتح کیلئے اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی، پچھلے تین ٹورنامنٹ میں ہماری پرفارمنس اچھی نہیں تھی، ورلڈکپ ہمیشہ چیلنجنگ ایونٹ ہوتا ہے، ریلکس نہیں ہو سکتے، ورلڈکپ کیلئے پرجوش اور تیار ہیں، سری لنکا کی کنڈیشنز میں ہائی سکورنگ میچز نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ہر کھلاڑی کے کھیل کا طریقہ مختلف ہے، ہر کھلاڑی کو معلوم ہے کہ اس کو ٹیم میں کیا کردارادا کرنا ہے، بابراعظم کی اتنی بُری پرفارمنس نہیں جتنی لوگ باتیں کرتے ہیں، بگ بیش لیگ میں بابراعظم کی پرفارمنس اچھی نہیں رہی، آسٹریلیا میں کنڈیشنڈ بہت مختلف ہے۔







