لبنیٰ ریحان پیرزادہ کا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے 47 ارب کے نگہبان رمضان پیکیج کو زبردست خراجِ تحسین

راولپنڈی: پاکستان مسلم لیگ (ن) ویمن ونگ راولپنڈی سٹی کی سیکرٹری اطلاعات اور سابق رکن صوبائی اسمبلی لبنیٰ ریحان پیرزادہ نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی جانب سے اعلان کردہ 47 ارب روپے کے“نگہبان رمضان پیکیج”کو عوام دوست، تاریخی اور انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے اسے مستحق اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے ایک بڑی سہولت اور حقیقی ریلیف قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اس نوعیت کا بڑا فلاحی پیکیج حکومتِ پنجاب کی عوام سے سنجیدہ وابستگی اور خدمتِ خلق کے جذبے کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور معاشی دباؤ کے اس دور میں غریب اور متوسط طبقے کو سہارا دینا وقت کی اہم ضرورت تھی جسے وزیراعلیٰ پنجاب نے بھرپور انداز میں پورا کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نگہبان رمضان پیکیج کے ذریعے لاکھوں خاندانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا، جس سے نہ صرف ان کے گھریلو اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ ان کی عزتِ نفس بھی بحال ہوگی۔ یہ پیکیج حکومتِ پنجاب کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد معاشرے کے کمزور طبقات کو بااختیار بنانا اور انہیں بنیادی ضروریاتِ زندگی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے اس اقدام کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی مؤثر قیادت، عوامی سوچ اور عملی حکمرانی کا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور ہمیشہ عوامی خدمت، ترقی اور خوشحالی رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی قیادت کی رہنمائی میں عوامی فلاح و بہبود کے اس سفر کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور ہر سطح پر عوام کے مسائل کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں