بلوچستان میں امن و امان اور استحکام پورے پاکستان کی ترجیح ہے: مریم نواز

کوئٹہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان اور استحکام پورے پاکستان کی ترجیح ہے، اگر ہم مضبوط ہیں تو بدترین دشمن ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، انہوں نے ایف سی کیلئے 10 ارب روپے کی معاونت کا بھی اعلان کیا۔

فرنٹیئر کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز بلوچستان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایف سی ہیڈکوارٹرز میں آنا میرے لئے اعزاز ہے، مشکلات کے باوجود فرنٹ لائن پر لڑنے والوں کو سلام پیش کرتی ہوں، بلوچستان تنہا نہیں ہم سب اس کے شانہ بشانہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان اور استحکام پورے پاکستان کی ترجیح ہے، ایف سی کے جوان ملک کیلئے قربانیاں پیش کر رہے ہیں، ملک کے لئے قربانیاں دینے والے شہداء ہمارا سرمایہ ہیں، سخت ترین موسمی حالات اور دشوار گزار راستوں پر سکیورٹی کے فرائض انجام دینا بڑی بات ہے، سکیورٹی اہلکار جذبہ حب الوطنی کے تحت ملک کے لئے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے لئے قربانی دینے والے شہداء کی ماؤں کو سلام پیش کرتی ہوں، ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے، سکیورٹی فورسز میں خواتین کا آنا خوش آئند ہے، پاکستان کی بیٹیاں خدمت اور فرائض کی انجام دہی میں کسی سے کم نہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ اگر ہم مضبوط ہیں تو بدترین دشمن بھی ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، جب تک ہم ایک قوم کی طرح ہیں، دشمن ہمیں کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا، دشمن ہمارے ملک کو کمزور کرنے کی سازش کر رہا ہے، ہم نے دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کمزور کرنے والا ملک و قوم کا سب سے بڑا دشمن ہے، ہم ففتھ جنریشن وار کا سامنا کر رہے ہیں، ہم نے مضبوطی کے ساتھ ففتھ جنریشن وار کا مقابلہ کرنا ہے، مضبوط مؤقف اور ٹھوس انداز سے منفی بیانیہ کو رد کرنا ہے، ہمیں تقسیم کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں