اسلام آباد: وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت سے ساولکوٹ ڈیم پر تفصیلات طلب کر لی ہیں، پانی کے حق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، مسائل پرامن طریقے سے حل کرنا چاہتے ہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ بھارت کے ساولکوٹ ڈیم کا معاملہ اٹھایا ہے، پاکستان کےانڈس واٹرکمشنرنےبھارتی واٹرکمشنر کو خط لکھا ہے، پاکستان نےنئےڈیم کی تمام تفصیلات طلب کی ہیں، سندھ طاس معاہدہ کےتحت پاکستان تمام تفصیلات لینےکاحق رکھتا ہے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت پر زور دیتے ہیں کہ سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کرے، پاکستان پرامن طریقے سے تمام مسائل حل کرنا چاہتا ہے، پاکستان اپنےلوگوں کے پانی کےحقوق پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ رافیل کمپنی نے پاکستان کی جانب سے بھارتی رافیل طیارے گرائے جانے کی معلومات کی توثیق کی ہے، مستقبل میں بھی کسی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی قانونی ٹیم نے عالمی ثالثی عدالت میں سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے سماعت میں حصہ لیا، جبکہ بھارت اس سماعت میں شریک نہیں ہوا، پاکستان نے دوبارہ اس بات کی تجدید کی کہ دونوں فریقین کے لیے سندھ طاس معاہدے کی مکمل پابندی لازمی ہے۔







