واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ٹیرف پالیسی کے ذریعے پاک بھارت نیوکلیئر جنگ سمیت کئی جنگیں رکوائیں اور ٹیرف کے نفاذ کے باوجود مختلف ممالک امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدے برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں۔
اپنے دوسرے صدارتی دور کے پہلے سٹیٹ آف دی یونین خطاب کے آغاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نائب صدر، وزیرِ خارجہ اور خاتون اوّل سمیت تمام سرکاری شخصیات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سٹیٹ آف دی یونین خطاب کرنا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ پانچ ماہ قبل ہی امریکا نے اپنی آزادی کی 250 ویں سالگرہ منائی اور آج ملک ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے، جب میں نے اقتدار سنبھالا تو انہیں بیمار معیشت اور کئی سنگین مسائل ورثے میں ملے، لیکن ایک سال کے اندر ان کی حکومت نے بے مثال اصلاحات کیں اور حالات بدل دیئے۔
اُن کے مطابق بائیڈن دور میں مہنگائی بدترین سطح پر تھی، تاہم اب مہنگائی کم ہو کر 1.7 فیصد تک آ چکی ہے اور ملک برے وقت سے نکل آیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس وقت امریکی سٹاک مارکیٹ ریکارڈ پر ریکارڈ بنا رہی ہے اور گیس کی قیمتیں بیشتر ریاستوں میں 2.30 ڈالر فی گیلن سے کم ہو چکی ہیں جبکہ بعض مقامات پر یہ 1.99 ڈالر فی گیلن تک ہیں، امریکی تیل کی پیداوار میں روزانہ چھ لاکھ بیرل سے زائد اضافہ ہوا ہے اور قدرتی گیس کی پیداوار تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔







