جنگ کا دوسرا ہفتہ: اسرائیل کے اصفہان اور نجف پر حملے، جنوبی لبنان میں رہائشی عمارت پر بمباری، درجنوں شہید

مشرق وسطیٰ میں جنگ دوسرے ہفتے میں داخل ہو گئی ہے، اسرائیل اور امریکا کے حملوں میں شدت آ گئی ہے جبکہ ایران کی جانب سے بھی بھرپور جواب دیا جا رہا ہے، ایران نے 220 امریکی فوجی مارنے اور کئی قیدی بنانے کا دعویٰ کیا ہے جسے امریکی سنٹرل کمانڈ نے رد کر دیا۔

اسرائیل کے لبنان اور ایران پر وحشیانہ حملے جاری ہیں، اصفہان کے 8 شہروں پر فضائی حملے کیے گئے، نجف آباد پر بھی بمباری کی گئی جس میں درجنوں افراد شہید ہو گئے جبکہ کئی زخمی ہوئے، لبنان میں اسرائیل نے رہائشی عمارت کو تباہ کر دیا جس میں بچوں سمیت 20 شہری شہید ہو گئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق تازہ حملوں میں فوجی اڈوں، میزائل لانچر اور پاسداران انقلاب کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ ایران نے اس امریکی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری آبادی پر بم برسائے گئے، اسرائیل نے ایران کے 80 لڑاکا طیارے بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ہلال احمر کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک ایران میں 5 ہزار 535 رہائشی یونٹس، ایک ہزار 41 کمرشل یونٹس، 14 میڈیکل سینٹرز، 65 سکولوں اور ہلال احمر کے 13 مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔

ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے کہا ہے کہ کئی امریکی فوجیوں کو قیدی بنایا گیا ہے، امریکی حکام دعویٰ کرتے ہیں کہ امریکی فوجی کارروائی کے دوران مارے گئے ہیں، امریکی حکام حقیقت کو چھپانے کی بیکار کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری طرف امریکی سینٹرل کمانڈ نے امریکی فوجیوں کی گرفتاری کا ایرانی بیان مسترد کر دیا اور کہا کہ ایرانی رجیم کا امریکی فوجیوں کی گرفتاری کا بیان جھوٹ اور دھوکہ دہی پر مبنی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں