امریکا اپنی ناکامی کو معاہدہ نہ کہے، ترجمان ایرانی فوج کا ٹرمپ کے مذاکرات کا دعویٰ مسترد

ترجمان ایرانی فوج نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مذاکرات کے دعؤوں کو مسترد کرتے ہوئے امریکا کو واضح پیغام دے دیا، جبکہ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا کی سفارتکاری پر کوئی بھی اعتماد نہیں کر سکتا، ایران پر امریکی حملے سفارت کاری سے غداری تھی جو دو بار دہرائی گئی۔

اپنے بیان میں ترجمان پاسداران انقلاب لیفٹیننٹ کرنل اابراہیم ذوالفقاری کا کہنا تھا کہ کیا آپ کے اندرونی اختلافات اس حد تک پہنچ گئے ہیں کہ آپ خود سے ہی مذاکرات کر رہے ہیں، ٹرمپ اپنی ناکامی کو معاہدہ نہ کہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی مرضی کے بغیر تیل کی پرانی قیمتیں واپس آئیں گی اور نہ ہی پرانا نظام۔

ابراہیم ذوالفقاری کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف کارروائی کا خیال ختم ہونا چاہیے، ایران کا مؤقف شروع سے واضح ہے اور آئندہ بھی رہے گا کہ ایران امریکا کے ساتھ کسی صورت مفاہمت نہیں کرے گا۔

ترجمان ایرانی فوج نے کہا کہ ’ہم جیسے لوگ تم جیسے لوگوں کے ساتھ کبھی نہیں چل سکتے، نہ اب اور نہ ہی آئندہ کبھی۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے متضاد دعوے گردش کر رہے ہیں اور خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں