کابل(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) افغانستان کے صوبے خوست میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے اہم کمانڈر سمیت 6 دہشت گرد ہلاک اور 15 شدید زخمی ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بارودی سرنگ دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت عبدالمنان، عالم خان مدہ خیل، کجیر کے نام سے ہوئی ہے جب کہ تین نا معلوم دہشت گرد ہیں جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
موصول اطلاعات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ زخمی جنگجوؤں میں فضل امین، محمد عرف طوفان، نُور پایو خان، فقیر اللہ، تروزئی، سَت کئی، علی سر خان، زبیر، ہجرت اللہ، کمال، شیر افضل، بخت اللہ، زبیح اللہ وغیرہ شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان میں روپوش ٹی ٹی پی دہشت گردوں پر پے در پے حملوں کے بعد ٹی ٹی پی لیڈر شپ میں شدید مایوسی اور اختلافات کی لہر پھیل گئی ہے، ٹی ٹی پی دہشت گردوں کا ماننا ہے کہ پاکستانی وَفد کے افغانستان آنے کے بعد تنظیم کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔
ٹی ٹی پی کے نچلے درجے کے دہشت گردوں کے درمیان تحریک طالبان افغانستان ( ٹی ٹی اے ) کی سینئر لیڈر شپ سے متعلق شکوک و شبہات مزید بڑھ گئے۔حالیہ بڑھتے واقعات ٹی ٹی پی کے اندر بڑھتی ہوئی تفریق اور مایوسی کا واضح نشان ہے، ذرائع کے مطابق دوسرے حملے میں ٹی ٹی پی عمر میڈیا گروپ کا انچارج مکرم خراسانی کے بھی شدید زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔







