امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر مسلط کی گئی جنگ 31 ویں روز میں داخل ہو گئی، امریکا اسرائیل نے تبریز میں پیٹروکیمیکل پلانٹ کو نشانہ بنایا، تہران اور کرج کے کچھ علاقوں میں بجلی بند ہو گئی، ایران کے جوابی میزائل حملے سے اسرائیلی پارلیمنٹ کا اجلاس مؤخر ہو گیا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے ایک حملے میں تبریز پیٹروکیمیکل کمپنی کے ایک یونٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے، ریسکیو اور آپریشنل ٹیمیں موقع پر موجود ہیں، کوئی خطرناک، زہریلا یا آلودگی پھیلانے والا مادہ خارج نہیں ہوا۔
پاسداران انقلاب ایران نے نیوی کمانڈر علی رضا تنگسری کی شہادت کی تصدیق کر دی، اسرائیلی حملوں میں شدید چوٹوں کے باعث علی رضا تنگسری شہید ہو گئے۔
گزشتہ ہفتے اسرائیلی وزیر دفاع نے علی رضا تنگسری کو ہدف بنانے کا دعوی کیا تھا۔
امریکی اسرائیلی حملوں سے ایران میں شہدا کی تعداد 2 ہزار 76 ہو گئی، 216 بچے اور 250 طلبہ و اساتذہ بھی شامل ہیں، ایک ہزار 767 بچوں سمیت 26 ہزار 500 افراد زخمی ہو چکے، اسرائیلی و امریکی بمباری میں 336 طبی، 200 انتظامی، ثقافتی اور تعلیمی مراکز بھی تباہ کر دیا۔
ادھر لبنان میں بھی اسرائیلی فوج مسلسل بمباری اور زمینی گولہ باری سے تباہی پھیلا رہی ہے، لبنان میں بھی شہادتیں گیارہ سو سے بڑھ چکی ہیں، ہزاروں افراد زخمی ہیں اور لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔







