39 واں روز: اسرائیل کے شہری انفراسٹرکچر پر حملے، تہران میں یہودی عبادت گاہ مکمل تباہ

تہران، تل ابیب، واشنگٹن: اسرائیل نے جنگ کے 39 ویں روز بھی جارحیت جاری رکھی اور ایران کے شہری انفراسٹرکچر پر بمباری کی جس سے تہران میں ایک یہودی عبادت گاہ مکمل تباہ ہو گئی، ایران نے بھی جوابی حملوں میں امریکی تنصیبات اور اسرائیلی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کا سب سے بڑا پیٹرو کیمیکل پلانٹ تباہ کر دیا ہے، پاسداران انقلاب کا مالیاتی نظام منظم طور پر ناکارہ بنا رہے ہیں، ایران کے دو بڑے پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایران کی 85 فیصد سے زیادہ پیٹرو کیمیکل برآمدات غیر فعال ہو گئی ہیں۔

سعودی وزارت دفاع کی جانب سےجاری بیان میں کہا گیا کہ 7 بیلسٹک میزائل تباہ کر دیئے ہیں، گرنے والے ملبے سے ہونے والے نقصان کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے اور صورتحال پر مکمل نظر رکھی جا رہی ہے، اپنی سرزمین اور اہم تنصیبات کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایران نے کویت میں امریکی بیس پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 15 امریکی فوجی زخمی ہوگئے، سی بی ایس نے امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کویت کے علی السالم ائیر بیس پر حملہ رات گئے کیا گیا۔

ادھر اسرائیلی وزارت صحت نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 107 اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے جبکہ جنگ کے آغاز سے اب تک 7 ہزار سے زائداسرائیلی فوج زخمی ہوچکے ہیں۔

ایرانی خبر رساں اداروں ’مہر‘ اور ’فارس‘ کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب دارالحکومت تہران اور اس کے مغرب میں واقع شہر کرج کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں