اسلام آباد (روزنامہ قوم انٹرنیشنل)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس کے ساتھ ان کے دفتر میں ملاقات کی اور پاکستان و جرمنی کے درمیان باہمی تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ بہتر کوششوں کے ذریعے پاکستان اور جرمنی کی باہمی تجارت میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا کیونکہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے باہمی تعاون کے نئے شعبے تلاش کرنے کے لیے پاکستان اور جرمنی کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط کاروباری روابط قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ توانائی کی بچت، تعلیم اور سکل ڈیولپمنٹ سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کر رہا ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ترقی یافتہ ملک ہونے کی وجہ سے جرمنی کا قریبی تعاون پاکستان کو اپنی معیشت بہتر کرنے کیلئے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چالیس سے زائد جرمن کمپنیاں کیمکل، فارماسوٹیکلز، آٹوموبائل اور ہول سیل سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان میں کام کر رہی ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جرمنی کی مزید کمپنیاں پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ پاکستان 23کروڑ افراد کی ایک بڑی مارکیٹ ہے۔ انہوں نے جرمنی کے سفیر کو چیمبر کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی تا کہ دونوں ممالک کے کاروباری تعلقات کو مزید بہتر کرنے کیلئے تاجر برادری کے ساتھ براہ راست تبادلہ خیال کر سکیں۔
وفد سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے کہا کہ جرمنی اور پاکستان کے درمیان بہتر تعلقات قائم ہیں اور وہ ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ متبادل توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتر ہونے پر وہ جرمنی کی مزید کمپنیوں کو پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئی سی سی آئی کو دبئی میں جرمنی کی ٹریڈ پروموشن ایجنسی کے ساتھ ملانے کیلئے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں تاکہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو قریب لا کر کاروباری تعلقات کو مزید بہتر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں بھی تعاون کر سکتا ہے۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ شمسی توانائی شعبے میں تعاون کرنے پر غور کرے جس سے پاکستان میں توانائی بحران کم ہو گا اور عوام کو سستی بجلی ملے گی۔
چیمبر کے نائب صدر انجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ آبادی میں اضافے کی وجہ سے پاکستان میں تعمیراتی سرگرمیوں کے بے شمار مواقع موجود ہیں لہذا جرمنی پاکستان کے ساتھ کنسٹریکشن شعبے میں تعاون کر کے فائدہ مند نتائج حاصل کر سکتا ہے۔
چیمبر کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے کہا کہ پاکستان جرمنی کی گاڑیوں کیلئے ایک پرکشش مارکیٹ ہے لہذا جرمنی کی آٹوموبائل کمپنیاں پاکستان میں گاڑیاں تیار کرنے کے پلانٹ لگانے پر توجہ دیں۔







