اسلام آباد (روزنامہ قوم انٹرنیشنل) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری کے ساتھ ٹریڈ باڈیز کے عہدیداران کی 2سالہ مدت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
اسلام آباد وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر رضوانہ آصف، راولپنڈی ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر رفعت شاہین، اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے صدر سجادسرور، راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے صدر طارق خان جدون، آئی سی سی آئی کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک،چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
کاشف انور اور احسن ظفر بختاوری نے ٹریڈ باڈیز کے عہدیداران کی 2سالہ مدت کے معاملے پر تفصیل سے بات چیت کی اور اس معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ کاشف انور نے کہا کہ ٹریڈ باڈیز کے عہدیداران کی معیاد 2سال کر دی گئی ہے اور اس سلسلے میں قانون کی پابندی کریں گے۔ احسن بختاوری نے کہا کہ عہدیداران کی2سالہ مدت ایک قانون بن چکا ہے لہذا ملک کے تمام چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا اس حوالے سے ایک موقف ہونا چاہے جس سے بزنس کمیونٹی میں اتحاد و یکجہتی مضبوط ہوگی اور ان کے مفادات کا بہتر تحفظ ہو گا۔
اجلاس میں موجود تمام تاجر رہنماؤں کی متفقہ رائے تھی کہ ٹریڈ باڈیز کے عہدیداران کے لیے ایک سال کی مدت ایک مختصر عرصہ ہے جس میں کاروباری برادری کے مفادات کے تحفظ کیلئے موثر انداز میں کام کرنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداران کیلئے 2 سال کی مدت بزنس کمیونٹی کے مفاد میں ہے کیونکہ اس سے عہدیداران کو کاروباری برادری کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے اور ان کے مسائل حل کرانے کے بہتر مواقع فراہم ہوں گے جس سے بالآخر ملک کی معیشت مستحکم ہو گی۔
لاہور چیمبر آف کامرس کے صدرکاشف انور اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اس موقع پر معیشت اور تاجر برادری کو درپیش دیگر مسائل پر بات چیت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ادارے کاروباری طبقے کے اہم مسائل کے حل کرانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ انہوں نے مزید اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ادارے مضبوط باہمی تعاون کے ذریعے مشترکہ مفادات کے حصول کیلئے جدوجہد کریں گے تا کہ پاکستان کے کاروباری اور معاشی مفادات کو بہتر فروغ دیا جا سکے۔







