امریکی عہدیداران کی مذاکرات کیلئے اسرائیل آمد، غزہ میں مزید فلسطینی شہید

جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی حملے غزہ بھر میں جاری ہیں، جنگ سے تباہ حال غزہ کی پٹی کے مختلف ہسپتالوں میں 57 فلسطینیوں کی لاشیں لائی گئیں۔

قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اسرائیل کے دورے پر ہیں، ان کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرقِ وسطیٰ کے ایلچی اسٹیو وِٹکوف اور داماد جیرڈ کُشنر بھی موجود ہیں۔

وفا نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے الامعری پناہ گزین کیمپ، البیرہ میں اسرائیلی فورسز کے چھاپہ کے دوران 4 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت 50 فلسطینی مریضوں کو علاج کے لیے منتقل کرے گا، یہ معلوم ہوا ہے کہ 50 فلسطینی یا تو ایسے مریض ہیں، جن کی حالت بیماری کے باعث بگڑ رہی ہے، یا وہ افراد ہیں جو اسرائیلی فورسز کے حملوں میں زخمی ہوئے اور جنہیں فوری طبی امداد کی ضرورت ہے۔

یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ کیا انہیں ہسپتالوں سے منتقل کیا جائے گا، اور نہ ہی یہ واضح ہے کہ رفح کراسنگ استعمال کی جائے گی یا کریم ابو سالم کراسنگ۔

جنگ بندی معاہدے کے تحت رفح کراسنگ گزشتہ بدھ سے کھل جانی چاہیے تھی۔

بہت سے فلسطینی غزہ سے نکلنے کے منتظر ہیں، جو یا تو علاج یا پھر اپنے اہلِ خانہ سے دوبارہ ملنے کے لیے جانا چاہتے ہیں، جن سے وہ جنگ کے دوران جدا ہو گئے تھے۔

اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیل کی غزہ پر جنگ میں کم از کم 68 ہزار 216 فلسطین شہید اور ایک لاکھ 70 ہزار 361 زخمی ہو چکے ہیں۔

7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملوں میں اسرائیل میں ایک ہزار 139 افراد ہلاک ہوئے تھے، اور تقریباً 200 افراد کو یرغمال بنالیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں