پاکستان کی بیٹنگ چلی نہ باؤلنگ، پنڈی ٹیسٹ پروٹیز کے نام، سیریز 1-1 سے برابر

راولپنڈی: پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی بیٹنگ چلی نہ باؤلنگ، دوسرا میچ پروٹیز نے 8 وکٹوں سے اپنے نام کر لیا، 2 میچوں کی سیریز بھی 1-1 سے برابر ہوگئی۔

جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 138 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور پروٹیز کی جیت کیلئے 68 رنز کا ہدف ملا تھا جسے مہمان ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم 42 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے جبکہ ٹرسٹن سٹبس بھی بغیر کھاتہ کھولے ہی نعمان علی کا شکار بن کر پویلین لوٹ گئے جبکہ ریان ریکلٹن 25 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

راولپنڈی میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے میچ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 4 وکٹوں کے نقصان پر 94 رنز سے آگے بڑھائی مگر کھیل کے آغاز پر پہلے ہی اوور میں پاکستان کو بابر اعظم کی صورت میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا، انہوں نے کھیل کے چوتھے روز صرف ایک رن بنا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور وہ 50 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، بعدازاں محمد رضوان ایک بار پھر ذمہ داری نہ دکھا سکے اور محض 18 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

محمد رضوان کے بعد نئے آنے والے بائیں ہاتھ کے بلے باز نعمان علی بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے، بعدازاں فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی بھی بغیر کھاتہ کھولے ہی رن آؤٹ ہو گئے۔

سلمان علی آغا بھی 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، بعدازاں آف سپنر ساجد خان 13 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ آصف آفریدی بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے سمن ہارمر نے 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کیشو مہاراج نے 2 اور کگیسو ربادا نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں