پرائم منسٹر قرضہ سکیم نوجوانوں کیلئے چیمبر میں سہولت سنٹر قائم کریں گے۔ احسن بختاوری

اسلام آباد (روزنامہ قوم انٹرنیشنل) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری دارالحکومت اور اس سے ملحقہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے پرائم منسٹر قرضہ سکیم سے مستفید ہونے والے نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے میں ضروری رہنمائی فراہم کرنے کے لیے ایک سہولت سینٹر قائم کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے وزیر اعظم ہاؤس میں منعقدہ پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم کی چیک تقسیم کرنے کی تقریب کے دوران وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محترمہ شازہ فاطمہ خواجہ کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔
احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور بے شمار صلاحیتوں سے مالا مال ہیں تاہم انہوں کو بہتر رہنمائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی بہتر ترقی پر توجہ دے کر ہی پاکستان کو خطے کی ایک مضبوط معیشت بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے شہری اور دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت متعدد اقدامات شروع کرنے پر حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اس پروگرام سے مستفید ہونے والے نوجوانوں کی ہرممکن رہنمائی کرے گا تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں اور ملک کی اقتصادی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔
آئی سی سی آئی نے پہلے ہی پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں تاکہ اس سے فائدہ اٹھانے وا لے نوجوانوں کی رہنمائی کی جا سکے تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کرنے میں سہولت محسوس کریں۔ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت جون 2023 تک تقریباً 40,000 نوجوانوں کو 30 ارب روپے کے قرضے دیئے جائیں گے جن میں سے نصف چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار شروع کرنے کیلئے دیئے جائیں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اس پروگرام کے تحت کے تقریب میں کامیاب درخواست گزاروں میں چیک تقسیم کئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں