ویمنز ورلڈکپ: ٹکٹس کی قیمت، افتتاحی تقریب کی تفصیلات کا اعلان

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے ٹکٹنگ کے شیڈول اور افتتاحی تقریب کی تفصیلات کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق نامور بھارتی گلوکارہ شریا گھوشال ویمنز ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گی، رواں سال کا میگا ایونٹ بھارت کے چار شہروں اور سری لنکن دارالحکومت کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

شائقین کو محض کرکٹ ہی نہیں بلکہ ثقافت، موسیقی اور کھیل کے حسین امتزاج سے بھی روشناس کرایا جائے گا، بھارت اور سری لنکا کے درمیان گوہاٹی میں افتتاحی میچ سے قبل عالمی شہرت یافتہ بھارتی گلوکارہ شریا گھوشل تقریب میں پرفارم کریں گی۔

افتتاحی تقریب کو رنگارنگ اور ثقافتی جھلک سے مزین کرنے کے لیے خصوصی ویژولز اور گراؤنڈ پر تھیمیٹک سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا، شائقین کے لیے ایک اور خوشخبری یہ ہے کہ رواں ورلڈ کپ کی ٹکٹوں کی قیمتیں ریکارڈ حد تک کم رکھی گئی ہیں۔

بھارت میں لیگ میچز کے ٹکٹ ابتدائی مرحلے میں صرف 100 روپے میں دستیاب ہوں گے، یہ قیمت کسی بھی آئی سی سی ایونٹ کی تاریخ میں سب سے کم ہے، اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ شائقین کو گراؤنڈز میں لانا ہے تاکہ وہ ویمنز کرکٹ کے فروغ میں کردار ادا کر سکیں۔

ٹکٹس کی فروخت کا آغاز گزشتہ شام ہو گیا، ابتدائی چار روزہ خصوصی پری سیل ونڈو ‘گوگل پے‘ صارفین کے لیے مختص کی گئی ہے، وہ 8 ستمبر شام 7 بجے تک ٹکٹس خرید سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں