پنڈی ٹیسٹ کا دوسرا روز: قومی ٹیم پہلی اننگز میں 333 رنز پر آؤٹ، مہاراج کے 7 شکار

راولپنڈی: راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی اننگز میں 333 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

جنوبی افریقی سپنر کیشو مہاراج نے پاکستان بیٹرز کو گھما دیا اور ان کی ایک نہ چلنے دی، انہوں نے 7 شکار کرکے پاکستان ٹیم کو بڑا سکور بنانے سے روک دیا، پاکستان ٹیم آج اپنے گزشتہ روز کے سکور میں صرف 74 رنز کا ہی اضافہ کر سکی۔

پاکستان نے کھیل کے دوسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 259 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو سعود شکیل 42 اور آغا سلمان 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا اور سعود شکیل نے اپنی ففٹی مکمل کی۔

بعدازاں سلمان علی آغا کچھ دیر مزاحمت دکھانے کے بعد 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ ان کے جانے کے بعد سعود شکیل بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 66 رنز بنا کر کیشو مہاراج کا شکار ہو گئے۔

شاہین آفریدی، ساجد خان اور آصف آفریدی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور تینوں کو کیشو مہاراج نے اپنا شکار بنایا جبکہ نعمان علی 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 2 وکٹیں سائمن ہارمر اور ایک وکٹ کگیسو ربادا کے حصے میں آئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں